بھارت نے ہاکی ورلڈ کپ کیلئے ویزہ نہیں دیا

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے پاکستان کو جونیئر ورلڈ کپ سے باہر کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے مقررہ وقت پر ویزا کی درخواست دی لیکن پاکستانی ٹیم کو ایونٹ کیلئے ویزا جاری نہیں کیے گئے۔

گزشتہ دنوں انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان ہاکی ٹیم کو ہندوستان میں ہونے والے جونیئرہاکی ورلڈ کپ میں شرکت سے روکتے ہوئے ملائیشا کی جونیئرٹیم کو شرکت کی دعوت دے دی تھی۔

ایف آئی ایچ نے دعویٰ کیا تھا کہ کئی دفعہ رابطہ کرنے کے باوجود پاکستان نے اترپردیش میں ہونے والے جونیئرہاکی ورلڈ کپ کے لیے ویزے کی درخواست مقررہ تاریخ کے بعد دی اور مقررہ تاریخ تک دیگر معاملات بھی طے نہیں کرپائے۔

تاہم پاکستان نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے 24 اکتوبر کو مقررہ وقت پر متعلقہ دستاویزات کے ساتھ ایونٹ میں شرکت کیلئے ویزا کی درخواست دی تھی اور حکومت پاکستان کی جانب سے این او سی بھی جاری کردیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود ہندوستان نے ہمیں ویزہ جاری نہیں کیا۔

پاکستانی ہاکی فیڈریشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حیران کن امر یہ ہے کہ آٹھ دسمبر سے بھارت میں شروع ہونے والے ایونٹ میں پاکستان کے متبادل کے طور پر ملائیشیا کو شامل کیا گیا ہے اور انہیں محض تین دن میں ویزہ بھی جاری کر دیے گئے۔

جب پاکستان نے رواں سال فروری میں منعقدہ ساف گیمز میں شرکت کیلئے ہندوستان جانے کی درخواست کی تھی تو ویزہ کی درخواست جمع کرناے کے دو ہفتے کے اندر ویزہ جاری کر دیے گئے تھے۔

ادھر وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی جونیئر ہاکی ورلڈ کپ سے پاکستانی ٹیم کے اخراج پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 24 اکتوبر کو ہماری جونیئر ہاکی ٹیم نے بھارت کے ویزا کے لیے درخواست دی تاہم بھارت نے ویزا کی فراہمی سے انکار کر دیا۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری کشیدہ تعلقات کے باوجود پی ایچ ایف نے جونیئر ہاکی ٹیم کیلئے کسی بھی قسم کی خصوصی سیکیورٹی کا مطالبہ نہیں کیا تھا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جونیئر ورلڈ کپ کیلئے عمدہ انداز میں تیاریاں کرتے ہوئے محدود وسائل کے باوجود جونیئر ٹیم پر 10 کروڑ روہے خرچ کیے اور ٹیم کو تیاری کیلئے یورپ کے دو دورے کرائے۔

اسی کی بدولت جونیئر ٹیم کی کارکردگی میں نمایاں بہتری نظر آئی اور 2015 کے سلطان جوہر کپ میں چھٹے پر آنے والی ٹیم نے سب کو حیران کرتے ہوئے رواں سال منعقدہ ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔

جونیئر ہاکی ورلڈ کپ سے باہر کیے جانے کا فیصلہ پاکستان ہاکی کیلئے بڑا دھچکا ہے جو اس سے قبل ورلڈ کپ اور اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنے میں بھی ناکام رہا تھا۔

install suchtv android app on google app store