ریفری کی اہلیت پر شک کرنا مورینیو کو مہنگا پڑ گیا

ہوزے مورینیو گزشتہ سال بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مشکل میں پھنس چکے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی ہوزے مورینیو گزشتہ سال بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مشکل میں پھنس چکے ہیں۔

لیور پول کے خلاف میچ سے قبل ریفری کی اہلیت پر شک کرنے پر مانچسٹر یونائیٹڈ کے منیجر ہوزے مورینیو کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہرایا گیا ہے۔

لیورپول کے خلاف 17 اکتوبر کو ہونے والے میچ سے قبل مورینیو نے میچ ریفری انتھونی ٹیلر کی اہلیت پر شک کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریفری کیلئے اس میچ میں فرائض کی انجام دہی آسان نہ ہو گی اور اس سے ان پر دباؤ پڑ گیا ہے۔

انگلش پریمیئر لیگ کے قوانین کے مطابق میچ سے قبل منیجرز ریفری کے بارے میں گفتگو نہیں کر سکتے اور اسی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فٹبال ایسوسی ایشن نے مورینیو سے 31 اکتوبر تک جواب طلب کیا ہے۔

بغیر کسی گول کے ڈرا ہونے والے اس میچ میں چار پیلے کارڈ دکھائے اور چاروں کارڈ مانچسٹر کے کھلاڑیوں کو دکھائے گئے۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ پرتگال سے تعلق رکھنے والے ہوزے مورینیو کو اس طرح کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا بلکہ گزشتہ سال نومبر میں ان پر ایک میچ کیلئے اسٹیڈیم میں داخلے کی پابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ 40ہزار پاؤنڈ جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا جہاں ان پر الزام تھا کہ انہوں نے ویسٹ ہیم کے خلاف اپنی ٹیم چیلسی کی شکست کے بعد آفیشلز کے کمرے میں جا کر ان سے بدتمیزی کی تھی۔

install suchtv android app on google app store