کوپا امریکا: میسی کی انجری پر ارجنٹینا پریشان

فٹبال فائل فوٹو فٹبال

کوپاامریکا کپ میں ابتدائی میچ سے 10 روز قبل ارجنٹینا کے مشہور فٹ بالر لیونل میسی کی انجری ان کی ٹیم کے لیے پریشانی کا سبب بن گئی۔

میسی گزشتہ روز ہنڈراس کے خلاف کوپا امریکا کپ کے وارم میچ کے دوران 64 ویں منٹ میں کمر کی تکلیف کے باعث میدان سے باہر چلے گئے تھے اور ان کے متبادل کھلاڑی کے طورپر اولیور موریزان کو بلایا گیا تھا۔

ارجنٹینا فٹ بال ٹیم مذکورہ میچ میں گونزالو ہگوئین کے واحد گول کی بدولت 1-0 سے کامیاب ہوئی تھی۔

ارجنٹینا فٹ بال ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 'میسی کمر کی تکلیف کا شکار ہیں اور انھیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ڈاکٹر ان کی انجری کو دیکھ رہے ہیں'۔

میسی ایک ایسے کھلاڑی جو معمولی انجری کے باعث میدان سے باہر نہیں جاتے ہیں اسی لیے ٹیم انتظامیہ کو ان کی انجری پر تشویش ہے، ایونٹ کے پہلے میچ میں چلی کے خلاف ان کی عدم دستیابی سے ٹیم کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

وارم اپ میچ میں گول کرنے والے کھلاڑی گونزالو نے ٹویٹر میں میسی کی کمر کی انجری پر شدید پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ جیت ہمارے لیے ضروری تھی۔

ارجنٹینا ٹیم کے منیجر گیراڈو مارٹینو نے اپنے بیان میں کہا کہ'میں میسی کی انجری کی تفصیلات جاری نہیں کرپاؤں گا۔

پانچ دفعہ کے فیفا کے پلیئر آف دی ایئرمیسی گزشتہ سال ستمبر میں گھٹنے کی انجری کا شکار ہو کر طویل عرصے تک بارسلونا کی نمائندگی نہیں کرپائے تھے۔

ارجنٹینا کوپا امریکا کپ کے گروپ ڈی میں چلی، بولیویا اور پناما کے ساتھ شامل ہے جہاں ان کا پہلا میچ 6 جون کو چلی کے خلاف کیلیفورنیا میں ہوگا۔

کوپا امریکا کپ 3 سے 26 جون تک امریکا میں کھیلا جائے گا۔

install suchtv android app on google app store