پاک ترک اسکولز کے عملے کی ملک بدری کے احکامات معطل

سندھ ہائی کورٹ نے پاک ترک اسکولز کے عملے کو ملک چھوڑنے کے حکومتی احکامات کو معطل کرتے ہوئے محکمہ داخلہ اور ڈپٹی اٹارنی جنرل سے رپورٹ طلب کرلی۔

سندھ ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کے پاک ترک اسکولز کے اساتذہ اور دیگر عملے کو دیئے گئے ملک چھوڑنے والے احکامات کو معطل کرنے کے ساتھ ساتھ وزارت داخلہ کے ویزا کی میعاد نہ بڑھانے کے احکامات کو بھی معطل کردیا ۔

سندھ ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کے ملک بدری اور وزارت داخلہ کے ویزوں کی مدت نہ بڑھانے کے احکامات کو معطل کرتے ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل اور محکمہ داخلہ سے 13 دسمبر تک رپورٹ طلب کرلی۔

محکمہ داخلہ نے 14 نومبر کو پاک ترک اسکولز کے تمام عملے کو ایک ہفتے کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا، جب کہ وزارت داخلہ نے عملے کی جانب سے ویزا کی مدت بڑھانے کی درخواست بھی مسترد کردی تھی۔

خیال رہے کہ ترکی کے وزیر خارجہ مچاووش اوغلو نے رواں برس اگست میں اپنے دورے کے دوران حکومت پاکستان سے درخواست کی تھی کہ پاک ترک اسکولز کو امریکی تنخواہ دار فتح اللہ گولن سے غیرقانونی روابط کے تحت بند کردیا جائے ، پاکستان نے ترک وزیر خارجہ کو معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔

پاک ترک اسکولز اینڈ کالجز کو 1995 میں ترکی سے وابستہ این جی او کے تحت کھولے گئے تھے، اس وقت پاک ترک اسکولز کے تحت راولپنڈی، اسلام آباد، ملتان، کراچی، حیدرآباد، جامشورو، خیرپور اور کوئٹہ میں 28 اسکولز چل رہے ہیں، جن میں نرسری سے اے لیول تک کے 11 ہزار طالب علم زیر تعلیم ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ 23 نومبر کو پشاور ہائی کورٹ نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے حکومت کو *پاک ترک اسکولز کے غیر ملکی حکام کو ملک بدر کرنے سے روک دیا * تھا۔

پشاور ہائی کورٹ میں جمع کروائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ وفاقی حکومت نے سیاسی وجوہات کی بناء پر ترک اساتذہ کو ملک چھوڑنے کی ہدایت کی حالانکہ اساتذہ کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔

واضح رہے کہ پاک ترک اسکولز عملے کے اراکین نے حکومتی فیصلے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ سے بھی رجوع کر رکھا ہے۔

اس سے قبل تک وزیر اعظم رجب طیب اردگان کے پاکستانی دورے کے موقع پر وزارت داخلہ نے پاک ترک اسکولز اور کالجز کے ترک عملے کو 20 نومبر تک ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔

حکومت کی جانب سے ملک بدری کے احکامات کے بعد پاک ترک اسکولز کا عملہ غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے، جب کہ ملک کے مختلف شہروں میں ان اسکولز کے طالب علم بھی اپنے اساتذہ کو ملک بدر کرنے والے حکومتی فیصلے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

install suchtv android app on google app store