آپریشن سے دہشت گردی میں اسی فیصد کمی واقع ہوئی ہے، رینجرز حکام

سندھ رینجرز سندھ رینجرز

پاکستان رینجرز کے مطابق کراچی میں آپریشن سے دہشت گردی میں اسی فیصد جبکہ ٹارگٹ کلنگ میں ستر فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ کراچی دہشت گردی کے لحاظ سے دنیا میں چھٹے نمبر پر تھا، تاہم آپریشن کے بعد حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے رینجرز کے کرنل قیصر نے بتایا کہ کراچی میں رینجرز کے خلاف انسانی حقوق کی پامالی کا تاثر درست نہیں ہے کیونکہ کراچی آپریشن کے حوالے سے ڈی جی رینجرز کی واضح ہدایات ہیں کہ صرف جرائم پیشہ افراد پر ہاتھ ڈالا جائے، جبکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی رینجرز کا مینڈیٹ نہیں ہے۔

کرنل قیصر نے کمیٹی کو بتایا کہ کراچی میں رینجرز نے کل 7950 آپریشنز میں 6361 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے پولیس جبکہ 221 افراد کو ایف آئی اے کے حوالے کیا۔ آپریشن کے دوران نو ہزار پانچ سو باون ہتھیار برآمد کیے گئے۔

کرنل قیصر نے کمیٹی کو مزید بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی سے ایک ہزار دو سو چھتیس دہشتگرد سمیت آٹھ سو اڑتالیس ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا گیا ہے، جنہوں نے سات ہزار افراد کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کیا ہے، جبکہ مختلف رپورٹس کے مطابق کراچی آپریشن سے دہشت گردی میں اسی فیصد اور ٹارگٹ کلنگ میں ستر فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔

install suchtv android app on google app store