کراچی: صدر میں حساس ادارے کی گاڑی پر فائرنگ، 2 اہلکار شہید

کراچی: صدر میں حساس ادارے کی گاڑی پر فائرنگ، 2 اہلکار شہید فوٹو فائل

کراچی کے علاقے صدر میں واقع پارکنگ پلازہ کے قریب سیکیورٹی کے ادارے کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی ہے جس کے نتیجہ میں  2 اہلکار شہید  ہو گئے،پولیس کے مطابق واقعے میں چھوٹے ہتھیار کا استعمال کیا گیا ۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجہ میں 2اہلکار شدیدزخمی ہو ئے جنہیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی ایک اہلکار شہید  ہوگیا جبکہ دوسرا زخمی اہلکار بھی دوران علاج خالق حقیقی سے جاملا۔

اسپتال ذرائع کے مطابقجاںبحق اہلکاروں کے سر،چہرے اور سینے پر گولیاں لگیں،دونوں اہلکار جانبر نہ ہو سکے اوردوران علاج جاںبحق ہو گئے۔

جناح اسپتال شعبہ حادثات کی سربراہ سیمی جمالی کے مطابق جاںبحق اہلکاروں کی شناخت عبد الرزاق اور خادم حسین کے نام سے ہو ئی ہے۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد جائے وقوع پر پہنچ گئی ہے اور علاقے کو حفاظتی حصار میں لے لیا ہے اور شواہد اکھٹے کئے جا رہے ہیں۔

غیر متعلقہ افراد اور میڈیا کو بھی جائے وقوع پر جانے سے روک دیا گیا ہے۔

 

install suchtv android app on google app store