خیبر ایجنسی میں ایک پولیو رضاکار قتل

وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے (فاٹا) کی خیبر ایجنسی میں ایک پولیو رضاکار کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق واقعہ خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے پولیو رضاکار فضل امین پر فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے نتیجے میں فضل امین شدید زخمی ہوگیا، جسے پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

گذشتہ روز بھی صوبہ خیبر پختوانخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے دادو زئی میں پولیو ٹیم کو نشانہ بنانے کے لیے نصب کیے گئے بم دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان بھر میں انسداد پولیو مہم جاری ہے جس کے دوران پانچ سال کی عمر تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

install suchtv android app on google app store