چائے گرمی سے بچاؤ کے لیے مفید

سبزچائے فائل فوٹو سبزچائے

کیا آپ کو موسم بہت زیادہ گرم لگ رہا ہے ؟ تو جسم کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے گرم چائے کو پی لیں۔ یہ دعویٰ برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

لوف برگ یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق گرم موسم میں ایک کپ سیاہ چائے کا استعمال جسم کو ٹھنڈا کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق درحقیقت گرم مشروب جسم میں پسینہ بہنے کی رفتار بڑھا کر اسے ٹھنڈا کرتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ پسینہ اور اس کا بخارات بن کر اڑنا جسمانی درجہ حرارت میں تبدیلی لاتا ہے اور حرارت کے توازن کا خیال رکھتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ کسی گروم مشروب کو پینے سے حرارت کا لوڈ بڑھتا ہے جس کے نتیجے میں پسینہ زیادہ بہنے لگتا ہے جو جسم کی اندرونی حرارت کو کم کردیتا ہے۔

اسی تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ ٹھنڈے مشروبات یا برف درحقیقت جسمانی درجہ حرارت کو بڑھاتے ہیں۔

محققین کے مطابق برف پسینے کو کم کرتی ہے جس کے نتیجے میں جلد کا درجہ حرارت بڑھتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ڈچ ہیلتھ کونسل نے اپنی سفارشات میں کہا تھا کہ گزشتہ دس برسوں کے سائنسی مطالعوں کا جائزہ لینے سے یہ واضح ہوتا ہے کہ چائے کا استعمال صحت کے لیے بہترین ہے۔

کونسل کے بقول تین سے پانچ کپ روزانہ کا استعمال بلڈ پریشر، ذیابیطس اور فالج کے خطرات کو کم کرتا ہے۔

تاہم سفارشات میں کہا گیا ہے کہ چائے کا استعمال بغیر دودھ کے کرنا چاہئے جبکہ سبز چائے بھی صحت کے لیے مفید ہے۔

کونسل کے مطابق تین سے پانچ کپ چائے روزانہ پینے سے شریانوں کے امراض کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے جو فالج کا باعث بن سکتے ہیں۔

install suchtv android app on google app store